حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، الاقوامی اسراء فاؤنڈیشن کے سربراہ نے اعلان کیا ہے کہ آیتاللہ العظمی جوادی آملی کی 80 جلدوں پر مشتمل تفسیرِ قرآن "تسنیم" کی اشاعت مکمل ہونے کا جشن 20 جمادی الثانی کو منعقد ہوگا۔
حجت الاسلام والمسلمین مرتضی جوادی آملی نے ایک پریس کانفرنس میں اس اہم موقع کا اعلان کیا۔ یہ تقریب قم میں منعقد ہوگی، جس میں آیتاللہ اعرافی (سربراہ حوزه علمیہ) خطاب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ "تفسیر تسنیم" حضرت آیتاللہ العظمی جوادی آملی کی 40 سالہ علمی اور تدریسی جدوجہد کا ثمر ہے، یہ تفسیر نہ صرف حدیثی اور فلسفی بنیادوں پر مبنی ہے بلکہ علوم انسانی اور تفسیری مباحث میں ایک عظیم کارنامہ تصور کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت آیتاللہ جوادی آملی نے اس عظیم تفسیر کو تحقیق و تدریس کے ساتھ ساتھ تمام ممکنہ علمی زاویوں سے پختہ کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ یہ نہ صرف علمی اور تحقیقی میدان میں قابل استفادہ ہو بلکہ انسانی علوم میں بھی رہنمائی فراہم کرے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ 30 سے 40 سال کے دوران حضرت آیتاللہ جوادی آملی کے زیرِسایہ مختلف تحقیقی اداروں، جیسے فقہ و اصول اور کلام و حکمت کے شعبوں نے اس علمی کام میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ قرآن مجید تمام علوم و معارف کا خزانہ ہے، اور اس کی جامع تشریح و تفسیر کے بغیر اس کی گہرائیوں تک پہنچنا ممکن نہیں۔ تفسیر تسنیم اس مقصد کے لیے ایک عظیم خدمت ہے۔